ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / اگر بھاگوت مخالف ہوجائیں تو مودی حکومت انہیں بھی دہشت گرد قرار دے گی: راہل گاندھی

اگر بھاگوت مخالف ہوجائیں تو مودی حکومت انہیں بھی دہشت گرد قرار دے گی: راہل گاندھی

Thu, 24 Dec 2020 20:17:37    S.O. News Service

نئی دہلی،24 /دسمبر(آئی این ایس انڈیا) کانگریس کے رہنما راہل گاندھی نے زرعی قوانین کے معاملے پر ایک بار پھر حکومت کو نشانہ بنایا ہے۔ جمعرات کو راہل گاندھی نے صدر سے ملاقات کی اور ان امور کو اٹھایا۔

ادھر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے راہل گاندھی نے کہا کہ جو بھی مودی حکومت کے خلاف بولتا ہے وہ انہیں دہشت گرد کہنا شروع کردیتے ہیں۔ راہل نے اس دوران کہا کہ اگر کل راشٹریہ سویم سیوک سنگھ (آر ایس ایس) کے سربراہ موہن بھاگوت ان کے خلاف ہوجائیں تو انہیں بھی دہشت گرد کہا جائے گا۔بھارتیہ جنتا پارٹی کے رہنماؤں کی طرف سے لگائے گئے کسانوں کے احتجاج میں خالصتانی حامیوں کا ہاتھ ہونے کے الزام پر راہل گاندھی نے جواب دیا۔

کانگریس لیڈر راہل گاندھی نے کہاکہ بی جے پی اور نریندر مودی جی کا صرف ایک ہی مقصد ہے اور وہ کسان اور مزدوروں سمجھ چکے ہیں۔ ان کا مقصد ان کے امیر دوستوں کو فائدہ پہنچانا ہے، جو بھی نریندر مودی کے خلاف کھڑا ہوتا ہے، وہ ان کے بارے میں کچھ نہ کچھ غلط بولتے رہتے ہیں۔راہل گاندھی نے مزید کہا کہ اگر کسان کھڑے ہوگئے تو وہ انہیں دہشت گرد کہیں گے، اگر مزدور کھڑے ہوئے تو وہ انہیں دہشت گرد کہیں گے اور اگر ایک دن موہن بھاگوت کھڑے جائیں گے تو کہیں گے کہ یہ بھی دہشت گرد ہیں۔ جو بھی نریندر مودی سے سوال پوچھنے کی کوشش کرتا ہے وہ دہشت گرد ہے اور نریندر مودی صرف اپنے دو تین لوگوں کے لئے کام کر رہے ہیں جن کے ہاتھ میں وہ پوراہندوستان دے رہے ہیں۔

راہل نے جمعرات کو اپنے بیان میں کہا کہ ملک کا کسان پیچھے نہیں ہٹے گا، جب تک تینوں زرعی قوانین واپس نہیں کیے جائیں گے۔ آج کسان جانتے ہیں کہ یہ قوانین ان کے لئے نہیں ہیں، ایسی صورتحال میں کانگریس پارٹی کسانوں کی لڑائی میں ان کے ساتھ ہے۔ مرکزی حکومت فوری طور پر پارلیمنٹ کا اجلاس طلب کرے اور تینوں قوانین کو منسوخ کرے۔


Share: